ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / موڈبیدری : سی فوڈ فیکٹری کی تعمیر کے خلاف مقامی عوام کا احتجاج ۔ وزیر اور رکن اسمبلی کا گھیراو

موڈبیدری : سی فوڈ فیکٹری کی تعمیر کے خلاف مقامی عوام کا احتجاج ۔ وزیر اور رکن اسمبلی کا گھیراو

Tue, 29 Jun 2021 13:08:04    S.O. News Service

موڈبیدری،29؍جون(ایس او نیوز) یہاں کلمنڈکور گرام پنچایت کے علاقہ میں حکومت کی طرف سے بڑے پیمانے پر سی فوڈ فیکٹری تعمیر کرنے کے منصوبے کے تحت جگہ کا معائنہ کرنے کے لئے  وزیر ماہی گیری ایس انگارا اور مقامی ایم ایل اے اوما ناتھ کوٹیان جب پہنچے تو مقامی عوام نے احتجاج کرتے ہوئے ان کا گھیراو کیا۔
    
مقامی لوگوں سے بات چیت اور رائے مشورہ کے بغیر منصوبہ آگے بڑھانے کے خلاف  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے   عوام نے مطالبہ کیا کہ اس کارخانے کی تعمیر اور منصوبے کے تعلق سے مکمل تفصیلات بتائی جائیں اس کے بعد کوئی قدم اٹھایا جائے۔   
    
رکن اسمبلی اوما ناتھ کوٹیان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کا ایک بہت بڑا پروجیکٹ ہے اور اس کو میرے اپنے حلقہ اسمبلی میں قائم کرنے کی منظوری ملی ہے۔ اسے تقریباً 50 ایکڑ سرکاری زمین پر قائم کیا جائے گا۔ اس کے لئے کسی کی بھی نجی زمین تحویل میں نہیں لی جائے گی۔ مقامی لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہیں ہوگی۔ اس کارخانہ کی وجہ سے مقامی افراد کو بڑی تعداد میں نوکریاں دستیاب ہونگی۔
    
رکن اسمبلی کی باتوں سے غیر مطمئن عوام نے مطالبہ کیا کہ انہیں ان باتوں کا تحریری طور پر یقین دلایا جائے۔ مگر رکن اسمبلی اس کے لئے راضی نہیں ہوئے۔ پھر مقامی عوام نے اسی مطالبہ کے ساتھ ایک میمورنڈم دیا جسے قبول کرنے کے بعد وزیر اور رکن اسمبلی اس مقام سے واپس روانہ ہوگئے۔ 
    
خیال رہے کہ اس سے قبل اسی مقام پر حکومت کی طرف سے اٹامک اینرجی پلانٹ تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا تھا ، لیکن مقامی عوام کی طرف سے سخت مخالفت کے بعد وہ معاملہ ٹھنڈے بستہ میں چلا گیا تھا۔  اب اس دوسرے منصوبہ کا انجام بھی کچھ ایسا ہی ہوتا نظر آرہا ہے۔


Share: